سنیئر نائب صدر: جنگ بندی کا مطلب اسرائیل سے جنگ کا خاتمہ نہیں ہے
18
M.U.H
29/06/2025
تہران:اسلامی جمہوریہ ایران کے سنیئر نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا اور جنگ بندی کا مطلب جنگ کا خاتمہ نہیں ہے
سنیئر نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے ارنا نیوز ایجنسی کے مینیجنگ ڈائریکٹر،دیگر عہدیداروں اور نامہ نگاروں کے ساتھ نشست میں ایران کے خلاف 12 روزہ دہشت گردانہ جارحیت کے بارے میں کہا کہ دشمن نے چار عشرے کی بالواسطہ جنگ کے بعد براہ راست جنگ شروع کی۔
انھوں نے کہا کہ ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات کے دوران یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئ جو مغرب کی ڈپلومیٹک کوششوں کی شکست ہے۔
سینیئر نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ بعض مشکلات کے باوجود ایرانی عوام ملک اور نظام کے دفاع پر اٹھ کھڑے ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ دشمن نے اس 12 روزہ جنگ میں ایران کے نظام اور سماجی ڈھانچے کا شیرازہ منتشر کردینے کے مقصد سے دہشت گردانہ جارحیت شروع کی لیکن ہمارے عوام نے متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کیا اور اس کو شکست دی۔
محمد رضا عارف نے کہا ایران نے یہ فتح اپنی دفاعی ٹیکنالوجی اور اپنے تیار کردہ اسلحے سے حاصل کی ہے۔
سنیئر نائب صدر نے کہا کہ دشمن گزشتہ چار عشرے کے دوران بالواسطہ جنگ کررہا تھا لیکن حالیہ جنگ میں اس کے چہرے سے نقاب ہٹ گئی اور کھل کر براہ راست میدان جنگ میں آگیا۔
انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ جنگ بندی کا مطلب جنگ کا خاتمہ نہیں ہے، صیہونی حکومت پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔