اگر آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر ہٹائی گئی تو ہم احتجاج کریں گے: مولانا کلب جواد نقوی
44
M.U.H
29/06/2025
لکھنؤ ۲۹ جون:امام باڑہ غفران مآب میں عشرۂ محرم الحرم کی تیسری مجلس کو خطاب کرتےہوئے مولانا کلب جواد نقوی نے امام حسین کی عظمت اورفرش عزاکی اہمیت پرخطاب کیا۔
مولانا نے کہا کہ امام حسن کو رسول اللہ نے مالک حوض کوثر اور امام حسین کو شفیع روز جزا کہا ہے،جسکا ثبوت حدیث کسا میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روز محشر امام حسین سب سے زیادہ شفاعت کریں گے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ اگر کسی کو نجات چاہئے تو اس کو سفینہ نجات میں داخل ہونا ہوگا ،یہ سفینہ نجات امام حسین علیہ السلام ہیں جن کے بارے میں پیغمبر اسلام نے فرمایا ہے کہ بے شک میرا حسین ہدایت کا چراغ اور نجات کا سفینہ ہے جو اس میں داخل ہوگیا اس نے نجات پائی ۔ مولانا نے فرش عزا کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو ثواب فرش عزا پر آکر مجلس سننے کا ہے وہ کسی اور جگہ پر سننے سے نہیں مل سکتا ۔
مولانا نے ضلع انتظامیہ کے ذریعہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تصاویر ہٹانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر مذہبی رہنما کی حیثیت سے لگاتے ہیں اور لگائیں گے ،چاہے انتظامیہ کچھ بھی کاروائی کرے ۔ مولانا نے کہا کہ اگر یہ حکومت کی پالیسی ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای اور آیت اللہ سیستانی کی تصاویر نہیں لگائی جائیں گی تو پھر یہ بھی اعلان کردیا جائے کہ اب ہندوستان میں نتن یاہو کی سرکار ہے ،بھارت کی سرکار کا راج نہیں ہے ۔ اسرائیل کی محبت میں سرکار کو اتنا آگے نہیں بڑھنا چاہیے جسکا نقصان بھارت کو اٹھانا پڑے ۔کیا اب بھارت سرکار ایران سے اپنے تعلقات ختم کرنا چاہتی ہے ،اگر ایسا ہے تو سرکار اعلان کرے ۔ہمارے آیات عظام کی تصاویر ہر حال میں لگائی جائیں گی ،اب اگر پرشاسن نے ہٹانے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ جو بے گناہوں عورتوں اور بچوں کا قتل کرتے ہیں انہیں دھشت گرد نہیں کہا جاتا ،یہ قابل مذمت ہے ۔ ہم نتن یاہو اور ٹرمپ کو سب سے بڑا دہشت گرد مانتے ہیں اور اسرائیل کو ایک دہشت گرد ریاست سمجھتے ہیں ۔ایران نے کبھی بے گناہوں کو نہیں مارا اور نہ مظلوموں پر ظُلم کی کبھی حمایت کی ۔
مجلس کے آخر میں مولانا نے غلام حبشی جناب جون کی شہادت کا واقعہ بیان کیا ۔