ٹرمپ نے پھر ہند پاک جنگ بندی کے حوالے سے اپنا پرانا راگ الاپا، پاکستان کو علاقائی امن میں اہم کھلاڑی قرار دیا
20
M.U.H
19/06/2025
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ہند پاک جنگ بندی کے حوالے سے اپنا پرانا راگ الاپا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جنگ بندی کا کریڈٹ خود کو دینے کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستانی آرمی چیف عاصم منیر کی بھی تعریف کی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور پاکستان کے آرمی چیف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان بدھ کو وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات کیبنٹ روم میں ہوئی اور اس کے بعد رسمی ظہرانہ دیا گیا۔ ملاقات کا بنیادی محور ایران اسرائیل تنازعہ اور علاقائی امن برقرار رکھنے پر تھا۔ وائٹ ہاؤس نے اس سے قبل کہا تھا کہ ٹرمپ نے منیر کو اس لیے بلایا ہے کیونکہ انہوں نے ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دینے کی سفارش کی تھی۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے ایران اسرائیل کے معاملے پر بات چیت کی۔ پاکستان ایران کو ہم سے بہتر سمجھتا ہے - وہ علاقائی امن میں اہم کھلاڑی ہے۔" ٹرمپ کا خیال تھا کہ پاکستان کی علاقائی تفہیم اور اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے، وہ سفارت کاری کے ذریعہ اس بڑھتے ہوئے تنازعہ کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا کہ ملاقات جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے کے لیے کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر وائٹ ہاؤس آئے، صدر نے پاک ہندوستان سرحد پر حالیہ کشیدگی کو جنگ میں تبدیل نہ ہونے دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔شائع خبروں کے مطابق ملاقات سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ نے جنرل منیر کو ملاقات کے لیے بلایا کیونکہ انہوں نے ٹرمپ کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جوہری جنگ رکوانے پر اپنا کردار ادا کرنے کے لئے امن کا نوبل انعام دینے کی سفارش کی تھی۔
ملاقات میں ٹرمپ اور منیر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات پر بھی بات کی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ تجارت پر ابتدائی بات چیت کر رہا ہے۔ حال ہی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر کشیدگی پیدا ہوئی تھی جسے ہندوستانی حکومت کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی بات چیت سے نمٹا گیا اور اس کے لئے پاکستان نے ہندوستان سے درخواست کی تھی۔