غزہ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر حکومت نےغور نہیں کیا، پرینکا گاندھی نے کہا، شرمناک اور مایوس کن ہے یہ فیصلہ
22
M.U.H
14/06/2025
نئی دہلی: اسرائیل اور ایران میں حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ ایران نے ہفتہ کے روز اسرائیل پر میزائل حملے تیز کر دیے ہیں۔ دوسری جانب بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی قرارداد پر ووٹ نہیں کیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے غزہ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر غور نہ کرنے پر مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کو شرمناک اور مایوس کن قرار دیا ہے۔
’’اقوام متحدہ کی قرارداد پر غور نہ کرنا شرمناک‘‘
کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا، ’’یہ شرمناک اور مایوس کن ہے کہ ہماری حکومت نے غزہ میں شہریوں کی حفاظت کی قانونی اور انسانی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی قرارداد پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 60,000 افراد، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں، پہلے ہی مارے جا چکے ہیں اور پوری آبادی کو یرغمال بنا کر بھوک سے مارا جا رہا ہے۔ لیکن، ہم کوئی قدم اٹھانے سے انکار کر رہے ہیں۔‘‘
’’نیتن یاہو کی قیادت کے قتل کی کوششوں پر جشن‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ ہمارے نوآبادیاتی مخالف ورثے کا المناک الٹ پھیر ہے۔ درحقیقت، نہ صرف ہم نیتن یاہو کی جانب سے پورے ملک کو تباہ کیے جانے پر خاموش کھڑے ہیں، بلکہ ہم ان کی حکومت کی طرف سے ایران پر حملہ کیے جانے اور اس کی قیادت کے قتل کی کوششوں پر خوشی منا رہے ہیں، خاموش ہیں، جو اس کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔‘‘
ہمیں انسانیت کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی: پرینکا
پرینکا گاندھی واڈرا نے مرکزی حکومت پر سوال پوچھتے ہوئے کہا، ’’ہم ایک ملک کے طور پر اپنے آئین کی اقدار اور جدوجہد آزادی کے اصولوں کو کیسے ترک کر سکتے ہیں جنہوں نے امن اور انسانیت پر مبنی ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم کی راہ ہموار کی تھی؟ اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ حقیقی عالمی قیادت انصاف کا دفاع کرنے کی ہمت مانگ کرتا ہے، ہندوستان نے ماضی میں یہ ہمت مسلسل دکھایا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ایک تیزی سے تقسیم ہوتی دنیا میں، ہمیں انسانیت کے لیے اپنی آواز کو پھر سے بلند کرنا ہوگا اور سچائی اور عدم تشدد کے لیے بلا خوف کھڑا ہونا ہوگا۔‘‘
بتا دیں کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی قرارداد پر ووٹ نہیں کیا۔ قرارداد کے حق میں 149 ممالک نے ووٹ کیا۔ 19 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد کے خلاف 12 ممالک نے ووٹ کیا۔ ہندوستان نے اس سے قبل اسرائیل فلسطین مسئلہ پر بھی اسی طرح کی قراردادوں پر ووٹ نہیں کیا تھا۔ بھارت کا کہنا ہے کہ مسئلہ صرف مذاکرات اور سفارت کاری سے ہی حل ہو سکتا ہے۔