مولانا کلب جواد نقوی نے ایران پر اسرائیلی حملے کو خطے میں تیسری جنگ عظیم چھیڑنے کے مترادف قراردیا
59
M.U.H
13/06/2025
لکھنؤ۱۳ جون: امام جمعہ مولاناسید کلب جواد نقوی نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کو خطے میں تیسری جنگ عظیم چھیڑنے کے مترادف قراردیا۔مولانانے اپنے بیان میں کہاکہ ہم ایران پر اسرائیل کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور جو لوگ اس حملے میں مارے گئے ہیں ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،خاص طور پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سیدعلی خامنہ ای مدظلہ العالی کی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں۔
مولانانے کہاکہ اس وقت تنہا ایران امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کررہاہے ۔کسی مسلمان ملک میں اتنی جرأت نہیں ہے جو امریکہ و اسرائیل کے خلاف ایک لفظ بھی بول سکے ۔یہی وجہ ہے کہ ایران استعماری و استکباری طاقتوں کی آنکھوں میں ہمیشہ کھٹکتارہاہے ۔مولانانے کہاکہ امریکہ و اسرائیل انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ،اب دنیا کو اس حقیقت کو باورکرناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان خیبر کو بھول سکتے ہیں مگر یہودی نہیں بھول سکتے ۔یاد رکھیے سوشل پلیٹ فارمز پر جتنی پوسٹ استعمار کی طرف سے ڈالی جاتی ہیں یا تو رسول اللہؐ کے خلاف ہوتی ہیں یا حضرت علیؑ کے خلاف ہوتی ہیں کیونکہ یہودی آج بھی خیبر کی شکست کو نہیں بھولے ہیں ۔حضرت علی ؑ نے خیبر میں یہودیوں کو شکست دی تھی اور آج ان شاءاللہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای اسرائیل کو شکست دیں گے ۔مولانانے مزید کہاکہ آج اسرائیل کو گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عمل کرنے سے کون روک سکتاہے ؟کیا یہ غلام مسلم ممالک روک پائیں گے ؟ کیا وہ روکیں گے جو اپنی ناموس کو امریکی صدر کی خدمت میں پیش کررہے تھے ؟ آج مصر اور اردن جیسے ملک اسرائیل کی کھلی حمایت کررہے ہیں ۔مسلم ملکوں کے ذریعہ اسرائیل کو اسلحہ اور رسد بھیجی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ عرب ملک اتنے بے غیرت ہیں کہ اپنے عالیشان محلوں اور عیاشیوں کے بدلے مکہ ومدینہ بھی دیدیں گے۔ہزاروں مظلوم غزہ میں ماردئیے گئے مگر ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔مولانانے اپنے بیان میں کہاکہ یقیناًظالم زیروزبر کئے جائیں گے ۔اب اسرائیل کی نابودی کے دن قریب ہیں ۔ان شاءاللہ ایران کا جواب قاطع ہوگاجس کا پوری دنیا کو یقین ہے ۔
احمد آباد حادثے پر افسوس اور غم کا اظہار
مولاناسید کلب جوادنقوی نے احمد آباد میں ائیر انڈیا کے مسافربردار طیارے کےحادثے کا شکار ہونے پر بھی افسوس کا اظہارکیا۔مولانانےحادثے میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کی خدمت تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ حادثہ دل کو دہلادینے والاہے ۔اس حادثے نے ہمیں شدید صدمہ پہونچایاہے ۔اس مشکل گھڑی میں ہم تمام مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں ۔مولانانے کہاکہ حکومت ہر ممکن کوشش کرے کہ آئندہ ایسے حادثات رونمانہ ہوں ۔