پاکستان نے اب حماقت کی تو سخت ترین جواب ملے گا، دہشت گردی کو فروغ دینے پر پڑوسی ملک کو اویسی نے لگائی پھٹکار
17
M.U.H
25/05/2025
بحرین میں ہندوستان کی نمائندگی کر رہے ایک کُل جماعتی نمائندہ وفد میں شامل آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ایم پی اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر پاکستان پر شدید حملہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ’ناکام ملک‘ بتاتے ہوئے اس کی پالیسیوں کی جم کر تنقید کی۔
پاکستان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے لیے گئے اس نمائندہ وفد کی قیادت بی جے پی رکن پارلیمنٹ بیجنت پانڈا کر رہے ہیں۔ وفد نے بحرین میں کئی اہم لوگوں سے ملاقات کی اور دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کی۔ اس موقع پر اویسی نے کہا، ’’ہماری حکومت نے ہمیں یہاں بھیجا ہے تاکہ دنیا کو یہ سمجھا سکیں کہ ہندوستان گزشتہ کئی برسوں سے کس طرح کے خطروں کا سامنا کر رہا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے کئی بے قصور لوگ مارے جا چکے ہیں۔ اس مسئلہ کی جڑ پاکستان ہے۔ جب تک پاکستان دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، مدد اور ان کی سرپرستی کرنا بند نہیں کرتا، تب تک یہ خطرہ بنا رہے گا۔‘‘
اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہندوستان اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے ہر ضروری قدم اٹھا رہا ہے اور اگر پاکستان نے پھر سے کوئی حماقت کی تو اس مرتبہ جواب بہت سخت ہوگا۔ اس دوران اویسی نے کہا کہ پہلگام حملے سے عام لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو گئیں۔ انہوں نے ایک دردناک منظر کا بھی ذکر کیا کہ، ’’ایک خاتون، جس کی شادی کو صرف چھ دن ہوئے تھے، ساتویں دن بیوہ ہو گئی، دوسری خاتون نے دو مہینے پہلے شادی کی تھی، اس کا شوہر بھی اس حملے میں مارا گیا۔‘‘
اے آئی ایم آئی ایم سربراہ نے کہا کہ ہندوستان کے پاس مضبوط دفاعی تکنیک اور طاقت ہے جس سے وہ اپنے سبھی شہریوں کو تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے دنیا سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کو ملنے والی فنڈنگ کو روکنے میں مدد کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے بحرین حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ایف اے ٹی ایف کی ’گرے فہرست‘ میں پاکستان کو پھر سے ڈالنے میں ہندوستان کی مدد کرے، کیونکہ پاکستان کا پیسہ دہشت گردی پھیلانے میں استعمال ہو رہا ہے۔
بحرین میں ہندوستان کا موقف پیش کر رہے اس نمائندہ وفد میں اسد الدین اویسی، بیجنت پانڈا کے علاوہ نشی کانت دوبے، فنگنون کونیاک، ریکھا شرما، ستنام سنگھ سندھو، غلام نبی آزاد اور سفیر ہرش شرنگلا شامل ہیں۔