’آپ بہت بہادر بچے ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے‘، راہل گاندھی نے پونچھ پہنچ کر پاکستانی گولی باری کے شکار کنبوں سے کی ملاقات
15
M.U.H
24/05/2025
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج سرحدی علاقہ پونچھ کا دورہ کیا۔ وہ گزشتہ دنوں پاکستانی گولی باری میں متاثر کنبوں سے ملاقات کے لیے پونچھ پہنچے تھے، جہاں متاثرہ افراد سے بات چیت کر ان کی تکلیفوں کو سمجھنے کی کوشش کی۔ کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں راہل گاندھی متاثرہ کنبوں سے بات کرتے اور ان کے گھر کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی گئی ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے پونچھ میں پاکستانی گولی باری میں متاثر ہوئے کنبوں سے ملاقات کی۔ اس دوران راہل گاندھی جی نے متاثرہ کنبوں کے ساتھ ان گھروں کا بھی معائنہ کیا، جنھیں سرحد پار سے ہوئی گولی باری میں شدید نقصان پہنچا ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ریاست کے لوگوں کے لیے یہ بحران کا وقت ہے اور اس میں ہم سبھی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔‘‘ ویڈیو میں ٹوٹے پھوٹے مکانات اور دیواروں پر گولیوں کے نشانات صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس دوران راہل گاندھی نے پونچھ واقع کرائسٹ اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں کم عمر طلبا نے ان کا بھرپور انداز میں استقبال کیا۔ راہل گاندھی نے یہاں پاکستانی گولی باری کا سامنا کرنے والے بچوں سے بات چیت بھی کی۔ متاثرہ طلبا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’آپ بہت بہادر بچے ہیں، اور ہمیں آپ پر بہت فخر ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آپ کو تھوڑے خطرہ اور خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے، لیکن پریشان نہ ہوں۔ سب کچھ جلد معمول پر آ جائے گا۔‘‘ طلبا سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے انھیں تعلیم حاصل کر خود کو مضبوط بنانے کا مشورہ بھی دیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’آپ کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ یہ ہونا چاہیے کہ آپ خوب محنت سے مطالعہ کریں، دل لگا کر کھیلیں، اور اسکول میں بہت سے دوست بنائیں۔‘‘