معاہدہ ہو یا نہ ہو، یورینیم کی افزودگی جاری رہے گی:عراقچی
11
M.U.H
19/05/2025
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جوہری معاہدہ ہو یا نہ ہو، یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا۔
ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے جوہری افزودگی کے بارے میں ایران کا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے سے قطع نظر جوہری افزودگی کا پروگرام جاری رہے گا۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام انہوں نے لکھا ہے کہ ایران کے پرامن جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات میں امریکی فریق کے دباو اور مختلف ہتھکنڈوں کے باوجود ایران صرف اپنے طرز عمل کا ذمہ دار ہے۔ اسی وجہ سے ہماری پالیسی یہ ہے کہ ہم عمومی سطح پر مذاکرات نہیں کرتے، خاص طور پر اس وقت جب امریکی مؤقف میں روز بروز تضاد، اور ان کے سرکاری اور نجی سطح پر بیانات میں نمایاں فرق نظر آرہا ہے۔
انہون نے کہا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے رکن کے طور پر جوہری پروگرام کے بارے میں ایران کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ایران نے ملکی سطح پر افزودگی میں کامیابی حاصل کی ہے جو کئی سالوں کی محنت، علمی پیشرفت اور جان و مال کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
عراقچی نے واضح کیا کہ اگر امریکہ واقعی یہ چاہتا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے، تو ایک معقول معاہدہ ممکن ہے۔ ہم سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاکہ اس خدشے کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جاسکے۔ تاہم ایک بات واضح ہے کہ جوہری افزودگی کا پروگرام ہر صورت جاری رہے گا خواہ کوئی معاہدہ ہو یا نہ ہو۔