’گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا ہوگا‘، ممتا بنرجی نے بتایا ’انڈیا‘ اتحاد کا منصوبہ
27
M.U.H
27/09/2026
مغربی بنگال کے شری رام پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے ذریعے جائز ووٹروں کے نام حذف کر کے ریاستی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی جیت میں مدد کی۔ الیکشن کمیشن سے متعلق شائع ہونے والی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی نے الیکشن کمیشن کا کس طرح استعمال کیا، اس کی حقیقت اب سامنے آ چکی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جب تک چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ نہیں دیتے، ملک بھر میں احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے اس معاملے پر ’انڈیا‘ اتحاد کی آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بھی بیان دیا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو استعفیٰ دینا ہوگا، ورنہ ملک بھر میں احتجاج جاری رہے گا۔ مرشدآباد ضلع کے ریجی نگر اسمبلی حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس حکمراں بی جے پی کے اشارے پر کام کر رہی ہے اور اقلیتی برادری کے لوگوں سے ان کے ووٹر شناختی کارڈ چھین رہی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے متعلق مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے اور اپوزیشن کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ’انڈیا‘ اتحاد کی آئندہ میٹنگ دہلی میں ہونے کا امکان ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق ممتا بنرجی نے کہا کہ’’میں نے راہل گاندھی کو پیغام بھیج کر کہا ہے کہ ہمیں ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے۔ انڈیا اتحاد کی میٹنگ 30 ستمبر کو دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ہونے کا امکان ہے۔‘‘ مجوزہ میٹنگ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اپوزیشن پارٹیاں الیکشن کمیشن کے کام کاج اور ایس آئی آر کے عمل کو لے کر اٹھے تنازعہ پر اپنے ردعمل کے سلسلے میں باہمی تال میل کی کوشش کر رہی ہیں۔ نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری ایم اے بے بی سے بھی بات چیت کی۔
انڈیا اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہم متحد ہو کر لڑیں گے۔ یہ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ کون لال ہے، نیلا ہے یا پیلا۔ ہم سب جمہوریت بحال کرنے کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر لڑیں گے۔ اگر مسئلہ عوام کا ہے تو یہ دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ تحریک میں کون سی پارٹی شامل ہو رہی ہے۔‘‘ ممتا بنرجی نے اپنی ریلی کے دوران مغربی بنگال پولیس کے کردار پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’پولیس میری دشمن نہیں ہے۔ ان کا کام لوگوں کی حفاظت کرنا ہے، لیکن آج وہ کیا کر رہے ہیں؟ کل رات انہوں نے شری رام پور میں ترنمول حامیوں کو ان کے گھروں سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر گرفتار کیا، تاکہ کوئی میری ریلی میں نہ آ سکے۔‘‘