وزارت خارجہ: جنوبی اور مشرقی ایران پر امریکی حملے جنگی جرائم ہیں
6
M.U.H
09/07/2026
تہران :اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایران کے جنوبی صوبوں کے چند ساحلی علاقوں نیز مشرق صوبوں میں مشہد جانے والی ریلوے لائن پر واقع دو پلوں پر امریکی حملوں کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کے حملے جنگی جرائم کے مصداق اور اقوام متحدہ کے منشور نیز جںگ کے خاتمے کی مفاہمتی یاد داشت کے منافی ہیں۔
وزرات خارجہ نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملک کی ارضی سالمیت، قومی اقتدار اعلی اور سیکورٹی کے تحفظ کے لئے ایرانی عوام کے عزم جزم پر زور دیا ہے۔
یاد رہے کہ دہشت گرد امریکی فوج نے گزشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران، بے بنیاد بہانوں سے اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 2 کی شق 4 اور اسی طرح جنگ کے خاتمے کی اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران کے جنوبی اور مشرقی صوبوں پر حملے کئے ہیں۔
امریکا نے یہ حملے ایسی حالت میں کئے ہیں کہ ایرانی عوام نے شہید رہبر انقلاب کی الوداعی رسومات اور جلوس جنازہ میں اپنی تاریخی اور بے مثال شرکت سے، ایران کے بد ذات دشمنوں کے مقابلے اور سرزمین وطن کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے دفاع کے لئے اپنے عزم جزم کا اعلان کردیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے اسی طرح امریکی صدر اور دیگر امریکی حکام کی تازہ ہرزہ سرائی کی مذمت کی ہے اور اٹھارہ جون کی مفاہمتی یاد داشت کی پابندی نہ کرنے کے ان کے صریحی اعتراف کو امریکی حکومت کی عہدشکنی، پستی اورجنگ پسندی کا ثبوت قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں گزشتہ اڑتالیس گھنٹے میں امریکی حملوں میں جنوبی ایران میں بحریہ کے متعدد جوانوں سمیت ہم وطنوں کی ایک تعداد کی شہادت کی تعزیت کے ساتھ ہی، قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے دفاع نیز جارحین کو سزا دینے پر زور دیا ہے۔