فلسطینیوں سے متعلق متنازع بیانات پر عالمی سطح پر اسرائیلی وزراء کی مخالفت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ آئرلینڈ نے اسرائیل کے دو وزراء کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر اور وزیر خزانہ بیزالیل سموٹرچ پر سفری پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف دیئے گئے بیانات ناقابل قبول ہیں اور ایسے خیالات بین الاقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کے منافی ہیں۔
مائیکل مارٹن کے مطابق دونوں اسرائیلی وزراء نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے مٹانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس پر آئرلینڈ نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اتمار بن گویر اور بیزالیل سموٹرچ پر متعدد دیگر ممالک بھی پہلے ہی پابندیاں عائد کرچکے ہیں، جبکہ ان کے بیانات اور پالیسی مؤقف پر بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔