ایران کے ساتھ جنگ بندی پاکستان کے کہنے پر کی: ٹرمپ
7
M.U.H
16/05/2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کا فیصلہ دیگر ممالک خصوصاً پاکستان کی درخواست پر کیا تھا، تاہم مستقبل میں ایران پر دوبارہ حملے بھی کیے جا سکتے ہیں, چین کے دورے سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی فوجی صلاحیت کو تقریباً تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کی جنگ بندی کے بعد ایران شاید دوبارہ اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کرے، اس لیے امریکا کو دوبارہ ’کلیئر اپ ورک‘ کے لیے کارروائی کرنا پڑ سکتی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر ایران کے ساتھ جنگ بندی کے حامی نہیں تھے، لیکن دیگر ممالک بالخصوص پاکستان کی اپیل پر امریکا نے یہ قدم اٹھایا. ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ چاہتے ہیں کہ ایران آبنائے ہرمز کھول دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان چینی کمپنیوں پر پابندیاں ہٹانے پر غور کر رہے ہیں جو ایرانی تیل خریدتی ہیں اور جلد اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کو 20 سال کے لیے معطل کرنے کے خیال سے ’متفق‘ ہیں بشرطیکہ تہران کی جانب سے حقیقی وعدہ ہو۔