اگر ہماری تنصیبات پر حملہ ہوا تو دشمن کو خلیج فارس میں ڈبو دیں گے: محسن رضائی
8
M.U.H
24/03/2026
ایرانی سینئر عسکری رہنما ڈاکٹر محسن رضائی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا جواب انتہائی سخت ہوگا اور خلیج فارس میں سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
سابق کمانڈر اور سینئر عسکری رہنما محسن رضائی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں جنگ کے پس منظر اور حالیہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفاع مقدس کے شہداء نے عظیم قربانیاں دے کر عزت حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام آج بھی مکمل اخلاص اور شعور کے ساتھ میدان میں موجود ہیں اور وہ امریکی دشمن کو سخت جواب دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
محسن رضائی نے کہا کہ قرآن کے مطابق شہداء زندہ ہیں اور خدا کے ہاں رزق پا رہے ہیں، اور انہی کے وسیلے سے مدد حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایرانی تنصیبات پر حملے کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی خبردار کر چکے ہیں کہ یہ جنگ ماضی سے مختلف ہوگی اور اگر شروع ہوئی تو اس میں جنگ بندی نہیں ہوگی۔
انہوں نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہ بنایا جائے، بصورت دیگر جواب صرف برابر کا نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
محسن رضائی نے کہا کہ اگر ایرانی تنصیبات پر حملہ کیا گیا تو دشمن مفلوج ہو جائے گا اور خلیج فارس میں ڈوب جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے لیے موجودہ صورتحال نازک ہے اور دانشمند حلقوں کو چاہیے کہ وہ ٹرمپ کو اس بحران سے نکلنے میں مدد دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایران کو ہونے والے تمام نقصانات کا ازالہ، معاشی پابندیوں کا خاتمہ اور امریکا کی عدم مداخلت کی بین الاقوامی ضمانت حاصل نہیں ہو جاتی۔