ایل پی جی قلت: ریسٹورنٹ مالکان کی حکومت سے مدد کی اپیل
30
M.U.H
18/03/2026
نئی دہلی: ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کی ایک تنظیم نے مہاراشٹر حکومت سے سالانہ لائسنس فیس کی ادائیگی کی آخری تاریخ بڑھانے یا قسطوں میں ادائیگی کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کمرشل ایل پی جی کی قلت کے باعث کئی اداروں کو بند کرنا پڑا ہے۔
ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (ویسٹرن انڈیا) نے منگل کے روز نائب وزیر اعلیٰ اور ریاست کی آبکاری وزیر سنیترہ اجیت پوار کو ایک یادداشت پیش کی، جس میں لائسنس فیس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 31 مارچ سے بڑھا کر 30 اپریل کرنے کے لیے ایک ماہ کی توسیع کی درخواست کی گئی ہے۔ تنظیم نے یہ بھی تجویز پیش کی ہے کہ سالانہ لائسنس فیس کو چار سہ ماہی قسطوں 30 مارچ، 30 جون، 30 ستمبر اور 31 دسمبرمیں ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔
تنظیم کے مطابق، جو ادارے اس وقت کام کر رہے ہیں، وہ محدود اوقات اور محدود مینو کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں اور آپریشن جاری رکھنے کے لیے ایندھن کے استعمال کو کم سے کم کر رہے ہیں۔ اس نے کہا: "تاہم، اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو ان میں سے کئی ادارے اگلے دو سے تین دن کے اندر بند ہو سکتے ہیں۔
ایچ آر اے ڈبلیو آئی کے ترجمان پردیپ شیٹی نے کہا: "اس صورتحال میں ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ سالانہ لائسنس فیس کی ادائیگی کی آخری تاریخ بڑھا کر یا قسطوں میں ادائیگی کی اجازت دے کر فوری راحت فراہم کی جائے۔ ایسا تعاون صنعت کو اس نقدی بحران سے نکلنے میں کافی مدد دے گا۔"