امریکا کسی کا وفادار نہیں ہے اور اسرائیل آپ کا اصل دشمن ہے، لاریجانی کا خطے کے ممالک کو خط
8
M.U.H
17/03/2026
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے خطے کے ممالک اور مسلمانوں کے نام ایک کھلے خط میں واضح کیا ہے کہ امریکا کسی کا وفادار نہیں ہے اور اسرائیل ان کا اصل دشمن ہے. لاریجانی نے اپنے چھ نکاتی خط میں کہا کہ ایران ایک فریب کارانہ امریکی صیہونی جارحیت کا شکار ہوا، جو مذاکرات کے دوران ہوئی اور جس کا مقصد ایران کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنا تھا۔ اس جارحیت کے نتیجے میں رہبر انقلاب اور متعدد شہری اور فوجی کمانڈر شہید ہوئے۔
انہوں نے مسلم ممالک کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: کیا تم جانتے ہو کہ چند سیاسی معاملات کو چھوڑ کر، کسی بھی اسلامی حکومت نے ایرانی قوم کی مدد نہیں کی؟ تاہم ایرانی قوم نے مضبوط ارادے کے ساتھ شریر دشمن کو اس طرح دبایا کہ آج دشمن نہیں جانتا کہ اس اسٹریٹجک تعطل سے کیسے نکلے۔
لاریجانی نے بعض ممالک کی جانب سے ایران کو دشمن قرار دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک ایران کو اس لیے دشمن سمجھتے ہیں کہ اس نے ان کے علاقوں میں موجود امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال کیا: کیا ایران سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ خاموش بیٹھا رہے جبکہ آپ کے ممالک میں موجود امریکی اڈوں سے اس پر حملے ہو رہے ہیں؟۔
لاریجانی نے موجودہ جنگ کو دو طرفہ قرار دیا: آج کی حقیقی جنگ ایک طرف امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ہے، اور دوسری طرف مسلمان ایران اور مزاحمتی قوتوں کے درمیان۔ تو بتاؤ تم کس طرف ہو؟۔
انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ اسلامی دنیا کے مستقبل کے بارے میں سوچیں: تم خوب جانتے ہو کہ امریکا کا تم سے کوئی وفادارانہ تعلق نہیں اور اسرائیل تمہارا دشمن ہے۔ ایک لمحے کے لیے رک کر اپنے اور خطے کے مستقبل کے بارے میں سوچو۔ ایران تمہارا خیرخواہ ہے اور تم پر غلبہ حاصل کرنے کا خواہاں نہیں۔
لاریجانی نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی امت کا اتحاد، اگر پوری قوت کے ساتھ حاصل ہو جائے، تو تمام ممالک کی سلامتی، ترقی اور آزادی کی ضمانت دے سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ علی لاریجانی نے پہلے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے "امریکہ فرسٹ" کے نعرے کو "اسرائیل فرسٹ" میں تبدیل کر دیا ہے اور امریکی فوجیوں کو اسرائیل کی توسیع پسندانہ خواہشات کے لیے قربان کر دیا ہے۔