ترک وزیر خارجہ کی حماس کے اعلٰی سطحی وفد سے ملاقات
36
M.U.H
25/12/2025
ترکی کے وزیر خارجہ حاکان فیدان نے انقرہ میں حماس کے ایک اعلی سطحی وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت خلیل الحیہ کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق، فیدان اور حماس کے رہنماؤں کی ملاقات میں غزہ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر حاکان فیدان نے واضح کیا کہ ترکی ہر سطح پر فلسطینی عوام کے حقوق کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور غزہ میں رہائش کی فراہمی اور انسانی امداد کے اقدامات کو مزید وسعت دے گا۔
حماس کے وفد نے ملاقات کے دوران کہا کہ تنظیم جنگ بندی معاہدے کی پابندی کر رہی ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پیش رفت کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
حماس کے نمائندوں نے بتایا کہ امدادی سامان لے جانے والے صرف ساٹھ فیصد ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت ملی ہے، جو بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
گفتگو کے دوران حماس کے وفد نے غزہ میں ادویات، تعمیراتی سامان، ایندھن اور دیگر ضروری اشیاء کی شدید کمی کی طرف توجہ دلائی اور خبردار کیا کہ یہ صورتحال بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔
ملاقات میں فریقین نے فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونے والے معاہدے اور مغربی کنارے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔