ولایت علی تکمیل دین کا ذریعہ قرار پائی :مولانا کلب جوادنقوی
15
M.U.H
01/07/2025
مولانا نے کہا پولیس مجھ پر مقدمہ درج کرے عوام پر نہیں
لکھنؤ یکم جولائی: امام باڑہ غفران مآب میں عشرہ محرم کی پانچویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سیدکلب جواد نقوی نے ولایت علی کی اہمیت اور فضیلت کو قرآن اور احادیث کی روشنی میں پیش کیا ۔مولانا نے معراج پیغمبر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضور کو معراج اسی لئے ہوئی تا کہ علی کی ولایت کے اعلان کا حکم اور حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے نور کو منتقل کیا جا سکے ۔آیہ بلغ میں جو یہ کہا گیا ہے کہ اے رسول پہنچا دیجیے وہ حکم جو ہم آپ پر نازل کرچکے ہیں ،تو دراصل یہ وہی حکم ولایت علی ہے جو معراج کے سفر پر خدا کی طرف سے دیا گیا تھا ۔مولانا نے کہا یاد رکھئے بغیر ولایت علی کے دین مکمل نہیں ہو سکا اس لئے علی سے محبت فرض اور عین ایمان ہے ۔ جو لوگ علی کی دشمنی میں مبتلا ہیں انکے لئے ہرگز نجات نہیں ہے ۔
مولانا نے حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے مراجع کرام کی تصویر لگاکر یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں ظالموں کے ساتھ نہیں ہیں ۔مولانا نے کہا کہ کچھ نیوز چینل بذات خود ایسے موضوع اٹھاتے ہیں اور اعتراض کے لئے کسی نامعلوم سے انٹرویو لے لیتے ہیں تاکہ انکے چینل پر ٹی آر پی بڑھ جائے اس طرح اس نامعلوم کو بھی کچھ شہرت مل جاتی ہے ۔مولانا نے آگے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر لگانا کوئی قانونی جرم نہیں ہے ،اس لئے پولیس سے مت گھبرائیں ۔یہ کچھ افسر ہیں جو اسرائیل کی نمک حلالی کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر آج سے پہلے کبھی مراجع کرام کی تصویر لگانے پر اعتراض نہیں ہوا تو اب کیوں ہورہاہے ؟ ان سازشوں سے ہوشیار رہیے ۔ مولانا نے عوام اور انتظامیہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مراجع کرام کی تصاویر لگانے کے لئے کہا ہے ،اگر پولیس کو مقدمہ درج کرنا ہے تو مجھ پر کرے ۔ عوام انکی تصویریں لگائے ،ہرگز کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ۔
مجلس کے آخر میں مولانا نے حضرت حر علیہ السلام کی توبہ اور انکی شہادت کے واقعہ کو بیان کیا ۔