ایران-اسرائیل تنازعہ: آپریشن سندھُو کے تحت ایران سے 290 ہندوستانیوں کی وطن واپسی، دہلی ایئرپورٹ پر جذباتی مناظر
25
M.U.H
21/06/2025
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر ہندوستانی حکومت نے ایران میں پھنسے شہریوں کی واپسی کے لیے ’آپریشن سندھُو‘ شروع کیا ہے۔ اس مہم کے تحت جمعہ کی رات ایک خصوصی پرواز 290 ہندوستانیوں کو لے کر دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔ وطن واپسی پر مسافروں کی آنکھیں نم تھیں اور ’ہندوستان زندہ باد‘ کے نعرے فضا میں گونج اٹھے۔
ان واپس آنے والوں میں زیادہ تر طلبہ اور زائرین شامل تھے۔ تقریباً 190 افراد جموں و کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ دیگر دہلی، ہریانہ، کرناٹک اور مغربی بنگال سے ہیں۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ سفر انتہائی پریشان کن رہا لیکن ہندوستانی سفارت خانے اور حکومت کی مدد سے وہ محفوظ طریقے سے گھر واپس پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ والدین اپنے بچوں کو دیکھ کر بے حد جذباتی ہو گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ واپسی کا عمل منظم انداز میں انجام دیا گیا۔ پہلے تمام مسافروں کو تہران سے مشہد منتقل کیا گیا، جہاں سے ہندوستانی افسران کی نگرانی میں خصوصی پروازوں کے ذریعے دہلی لایا گیا۔ ایرانی حکومت نے اپنے ایئر اسپیس کے استعمال کی اجازت دے کر اس مہم کو ممکن بنایا، جو کہ ایک اہم قدم تھا۔
وزارتِ خارجہ کے پاسپورٹ، ویزا اور قونصلر امور کے سکریٹری ارون کمار چٹرجی کے مطابق، "آج جن 290 افراد کی واپسی ہوئی ہے، ان میں سے 190 جموں و کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم ایرانی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دی۔"
’آپریشن سندھُو‘ کے تحت مجموعی طور پر 1000 ہندوستانیوں کو واپس لایا جانا ہے۔ جمعرات کو بھی 110 طلبہ کو آرمینیا اور دوحہ کے راستے وطن واپس پہنچایا گیا تھا۔ آج مزید دو پروازیں ملک پہنچنے والی ہیں، جن میں ایک ترکمانستان کے اشک آباد سے روانہ ہوئی ہے۔
جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے اس کارروائی پر مرکزی حکومت، وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اسے ان خاندانوں کے لیے بڑی راحت قرار دیا ہے جو اپنے بچوں کی خیریت کے لیے فکرمند تھے۔