علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد
16
M.U.H
17/05/2025
پریاگ راج: الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ہفتہ کے روز علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر کی تقرری کے عمل کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا۔ یہ درخواست پروفیسر مجاہد بیگ کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ تقرری کے عمل میں ایک مخصوص امیدوار کے حق میں جانبداری اور بے ضابطگیاں برتی گئی ہیں۔
قبل ازیں، 9 اپریل 2025 کو جسٹس اشونی کمار مشرا اور جسٹس ڈی رمیش پر مشتمل بینچ نے درخواست گزار، یونیورسٹی اور مرکزی حکومت کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔ درخواست گزار کا الزام تھا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر، پروفیسر محمد گلریز، اپنی اہلیہ پروفیسر نعیمہ خاتون کو وائس چانسلر مقرر کرانے کے لیے ضابطوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ چونکہ پروفیسر گلریز اس تقرری کمیٹی کے صدر بھی ہیں اور ان کی اہلیہ امیدواروں میں شامل ہیں، اس لیے یہ مفادات کے ٹکراؤ کا واضح معاملہ ہے۔ تاہم عدالت نے ان اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے وائس چانسلر کی تقرری کے عمل کو درست قرار دیا اور کہا کہ اس ضمن میں پیش کردہ شواہد کسی ضابطہ جاتی خلاف ورزی کو ثابت نہیں کرتے۔ یہ فیصلہ اے ایم یو میں جاری وائس چانسلر کی تقرری کے عمل کے لیے اہم موڑ ہے، اور اس سے یونیورسٹی کی انتظامی پالیسی پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔