ایرانی جہاز اب ہماری تحویل میں ہے، سینٹکام نے ایرانی جہاز پر حملے کی ویڈیو جاری کردی
13
M.U.H
19/04/2026
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایرانی جہاز پر حملے کی ویڈیو جاری کر دی۔ سینٹکام کے مطابق امریکی میرینز نے جہاز پر قبضہ کر لیا، جہاز اب امریکی تحویل میں ہے۔ عالمی میرین ڈیٹا کے مطابق "ایم وی توسکا" کنٹینر شپ ہے، ایرانی پرچم کے تحت رجسٹرڈ ہے، 7 گھنٹے پہلے ایرانی جہاز کی رفتار انتہائی کم 1.2 ناٹس ریکارڈ کی گئی۔ اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ امریکا نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو نشانہ بنا کر اس پر قبضہ کرلیا، امریکی فوج نے ایک ایرانی بحری جہاز کو روکا جو آبنائے ہرمز پر امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ "توشکا" نامی اس بحری جہاز نے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی، جو اس کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوئی، جہاز تقریباً 900 فٹ لمبا اور ایک طیارہ بردار بحری جہاز جتنا وزنی ہے، امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے خلیج عمان میں جہاز کو روکا، جہاز کو رکنے کی وارننگ بھی دی، لیکن ایرانی عملے نے سننے سے انکار کر دیا، جس کے بعد امریکی بحریہ نے جہاز کے انجن روم میں سوراخ کرکے اسے روکا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جہاز اب امریکی میرینز کے قبضے میں ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ جہاز میں کیا ہے۔