بجٹ میں میک اِن انڈیا اور آتم نربھر بھارت مہم کو نئی رفتار دینے کا پرعزم خاکہ پیش کیا گیا: وزیراعظم مودی
21
M.U.H
01/02/2026
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے مالی سال 2026 27 کے بجٹ کو وکست بھارت کی بلند پرواز کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں میک اِن انڈیا اور آتم نربھر بھارت مہم کو نئی رفتار دینے کے لیے ایک مضبوط اور جامع خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ ملک کی امنگوں کو پورا کرنے والا اور مستقبل کی سمت طے کرنے والا ہے۔
اتوار کو وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کی جانب سے لوک سبھا میں بجٹ پیش کیے جانے کے بعد وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بجٹ 2047 کے وکست بھارت کی بنیاد رکھتا ہے اور اس میں میک اِن انڈیا اور آتم نربھر بھارت کو آگے بڑھانے کے لیے واضح روڈمیپ شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ سے ملک کی ترقی کی رفتار کو نئی توانائی ملے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اس وقت ریفارم ایکسپریس پر سوار ہے اور بجٹ اس سفر کو مزید تیز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت صرف تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت بن کر مطمئن نہیں رہنا چاہتا بلکہ دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کا ہدف رکھتا ہے۔
انہوں نے بجٹ میں چھوٹی اور خرد صنعتوں کے لیے کیے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں سے کٹیر اور چھوٹی صنعتوں کو لوکل سے گلوبل بننے کی طاقت ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
نوجوانوں کے لیے کیے گئے انتظامات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ یوا شکتی بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے اقدامات سے مختلف شعبوں میں نئے قائدین اختراع کار اور تخلیق کار تیار ہوں گے جو ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ میں خواتین کو بھی خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے ذریعے قائم اور چلائے جانے والے خود امدادی گروپس کے جدید نظام کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ہر گھر میں خوشحالی آئے اور خواتین معاشی طور پر مضبوط بن سکیں۔