اسرائیل کسی کھیل یا ثقافتی تقریب میں شرکت کے قابل نہیں: اسپین
24
M.U.H
15/09/2025
اسپین کی نائب وزیر اعظم نے کہا ہے کہ غزہ میں مظالم کے بعد اسرائیل کو کسی بھی کھیل یا ثقافتی تقریب میں شرکت کا موقع نہیں دینا چاہئے۔
اسپین کی خاتون نائب وزیر اعظم یولاندا ڈائز نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کسی بھی کھیل یا ثقافتی تقریب میں شریک ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ انہوں نے فلسطین حامی مظاہروں کی بھرپور تائید کی جن کے باعث میڈرڈ میں عالمی شہرت یافتہ سائیکل ریس ووئلتا کا فائنل مرحلہ روک دیا گیا۔
یولاندا ڈیاز نے مزید کہا کہ اسپین کا معاشرہ غزہ میں جاری نسل کشی کو مسترد کرتا ہے۔ کھیلوں اور ثقافتی تقریبات میں اسرائیل کی شرکت کو روکنا فلسطینی عوام کے ساتھ عملی یکجہتی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز ہونے والی اس ریس کے دوران ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی ٹیم کی موجودگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے راستہ روک دیا اور صہیونی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔
ذرائع کے مطابق ایک لاکھ سے زائد افراد احتجاج میں شریک تھے جبکہ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونے کے باوجود صورت حال پر قابو نہ پاسکے۔ عوامی دباؤ کے باعث ریس کا آخری مرحلہ منسوخ کر دیا گیا جسے اسپین کی نائب وزیر اعظم نے عوامی طاقت اور اصولی مؤقف کی جیت قرار دیا۔