دوحہ سربراہی اجلاس کے مشترکہ بیان کا مسودہ منظر عام پر آگیا
30
M.U.H
15/09/2025
قطر کے شہر دوحہ میں منعقد ہونیوالے سربراہی اجلاس کے مشترکہ بیان کا مسودہ شائع کر دیا گیا ہے۔ بیاں میں قطر کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا حملہ واضح جارحیت اور کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہے، اس جارحیت اور نسل کشی کے جرائم سے امن کے حصول کے امکانات کم ہوئے ہیں، ہمیں خطے میں ایک نئی حقیقت کو متعارف کرانے کے لیے اسرائیل کے منصوبوں کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔
اسی طرح بیان میں قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے کسی بھی اقدام کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قطر نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کو روکنے کے لیے ثالث کے طور پر بھرپور کام کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دو ریاستی حل کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دوحہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس شروع ہوا، جس میں قطر کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف، صدر طیب اردوغان اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان اسلامی اور عرب رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔