تل ابیب کے ساتھ تعلقات کی بحالی ہمارے ایجنڈے میں نہیں: لبنانی صدر
20
M.U.H
12/07/2025
لبنان کے صدر "جوزف عون" نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی فی الحال ہماری خارجہ پالیسی میں نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج بیروت میں عرب اور بین الاقوامی تعلقات کونسل کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت تمام گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے فیصلے پر قائم ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ مہینوں میں امریکہ نے لبنان کی داخلی اور خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہونے کے لیے نئی سرگرمیاں شروع کی ہیں۔ جس کی واضح مثال، شامی امور کے لئے امریکہ کے خصوصی ایلچی "ٹام باراک" کا وہ منصوبہ ہے جو انہوں نے حزب الله اور دیگر مزاحمتی گروہوں کو غیر مسلح کرنے کے لئے پیش کیا ہے۔ اس منصوبے میں ضمنی طور پر حزب الله کے بتدریج غیر مسلح ہونے تک اسرائیلی فوجوں کی واپسی و جارحیت کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ تاہم اس دباؤ کے جواب میں حزب الله کے سیکرٹری جنرل "شیخ نعیم قاسم" نے واضح کیا کہ ہم کبھی بھی اپنے ہتھیار زمین پر نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ہتھیار صہیونی ریاست کے قبضے اور جارحیت کے خلاف ملک کے دفاع کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب الله کسی صورت میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے عمل کو پورا نہیں ہونے دے گی۔