تہران:جنرل محسن رضائی نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک تعاون کے استحکام پر زور دیا ہے
انھوں نے پیر 19 اکتوبر کو روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف سے ملاقات میں، تہران- ماسکو اسٹریٹیجک تعاون میں توسیع اور استحکام کو خطے میں امن و استحکام اور علاقائی ملکوں کی ترقی کا ضامن قرار دیا۔
جنرل محسن رضائی نے اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں توسیع کے لئے روس کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایران اور روس کے درمیان، اسٹریٹیجک راہداریوں کی تکمیل کے منصوبے جیسے مشترکہ اقتصادی پروجیکٹوں کی تکمیل سے علاقے میں ثبات واستحکام قائم ہوگا۔
انھوں نے جنگ کے بعد کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و استحکام کے دوام اور پائیداری کا انحصار، کثیر فریقی علاقائی تعاون پر ہے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بھی اس ملاقات میں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جوہری توانائی کی بین الاقوامی تنظیم آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرس میں، روس کی جانب سے ایرانی نظریات اور مفادات کی حمایت کا اعلان کیا۔
انھوں نے ایران کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کی غیر قانونی فوجی جارحیت اور آئی اے ای اے کے نگرانی میں کام کرنے والے ایٹمی مراکز پر بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ ایران اور روس کے درمیان وسیع تر ہمہ گیر تعاون کا مستقبل روشن ہے۔