صیہونی ریاست نے حزب اللہ کے حملوں میں 12 فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کر لیا
8
M.U.H
09/05/2026
صہیونی ریاست نے حزب اللہ کی جوابی کارروائیوں میں 12 صہیونیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق صہیونی ریاست کی وزارتِ صحت نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز لبنان کی حزب اللہ کی جانب سے شمالی مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں میں کم از کم 12 صہیونی زخمی ہوئے ہیں۔ صہیونی ریاست اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں اور جانی نقصانات سے متعلق خبروں اور رپورٹس کی اشاعت میں مسلسل “منظم سنسرشپ” اختیار کیے ہوئے ہے۔ قابض فوج کی اجازت کے بغیر آبادکاروں یا صحافیوں کی جانب سے دھماکوں کے مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز شائع کرنا جرم تصور کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔ اس میڈیا بلیک آؤٹ کے باعث “سرکاری اعداد و شمار” ہی واحد مجاز ذریعہ رہ گئے ہیں، جبکہ آزاد تجزیہ کار ان اعداد و شمار کو حقیقت سے کہیں کم قرار دیتے ہیں۔
حالیہ جنگوں کے تجربات سے ظاہر ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج کے بہت سے “ہلاک شدگان” کو ابتدا میں “شدید زخمی” قرار دیا جاتا ہے، اور پھر کئی دنوں یا ہفتوں بعد ان کے نام انفرادی طور پر ہلاک شدگان کی فہرست میں شامل کیے جاتے ہیں تا کہ ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے اعلان سے بچا جا سکے۔ یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب مزاحمتی ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری تصاویر میں فوجی ٹھکانوں اور اجتماعات پر میزائلوں کے براہِ راست حملوں کی تصدیق ہوتی دکھائی دیتی ہے۔