سپاہ پاسداران کا آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کی قیادت پر مکمل اظہار اطمینان اور وفاداری کا اعلان
54
M.U.H
09/03/2026
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک باضابطہ بیان میں نئے ولی فقیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کے طور پر آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کے انتخاب کی حمایت کرتے ہوئے مکمل اطاعت اور وفاداری کا اعلان کیا ہے۔
سپاہ پاسداران نے کہا ہے کہ وہ ولایت کے مضبوط بازو کی حیثیت سے مجلس خبرگان رهبری کے فیصلے کی مکمل تائید کرتی ہے اور اسلامی انقلاب کی اقدار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
سپاہ پاسداران کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مجلس خبرگان کی جانب سے نئے رہبر انقلاب کا انتخاب ایک اہم تاریخی مرحلہ ہے۔ بیان کے مطابق آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای ایک جامع الشرائط فقیہ، نوجوان مفکر اور سیاسی و سماجی مسائل سے آگاہ شخصیت ہیں جن کا انتخاب انقلاب اسلامی کے لیے ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امام روح اللہ خمینی کے بعد آیت اللہ خامنہ ای نے 37 برس تک حکمت، استقامت اور مضبوط قیادت کے ذریعے اسلامی انقلاب اور نظام کو تاریخ کے پیچیدہ مرحلوں سے کامیابی کے ساتھ گزارا۔
سپاہ پاسداران نے مزید کہا کہ ولی فقیہ کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران کا نظام کسی فرد پر منحصر نہیں بلکہ ایک مضبوط فکری و انقلابی ڈھانچے پر قائم ہے، اسی لیے موجودہ پیچیدہ حالات میں بھی انقلاب کا سفر بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔
بیان کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ولایت فقیہ کے سپاہی کی حیثیت سے نئے رہبر انقلاب کے تمام احکامات کی مکمل اطاعت کے لیے تیار ہے اور اسلامی انقلاب کے اقدار، امامین انقلاب کی میراث اور اسلامی جمہوریہ کے نظام کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دے گی۔
بیان کے اختتام پر قوم سے اپیل کی گئی کہ وہ امام روح اللہ خمینی کے اس فرمان کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں کہ ولایت فقیہ کی حمایت کریں تاکہ ملک کو نقصان نہ پہنچے اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اسلامی انقلاب، نظام اور ولایت فقیہ کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کریں، تاکہ استکباری طاقتوں اور صہیونی قوتوں کے مقابلے میں ایران کامیاب ہوجائے اور اسلامی تہذیب کے نئے دور کی بنیاد رکھی جاسکے۔