بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں آج پہلے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہو گئی ہے، اور اس مرحلے میں 121 نشستوں پر ووٹنگ ہونی ہے۔ انتخابی مہم کے آخری گھنٹوں میں وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے پروگرام "میرا بوتھ سب سے مضبوط" کے تحت خواتین کارکنان سے طویل گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ این ڈی اے ایک بار پھر بہار میں زبردست جیت حاصل کرنے والا ہے۔ خواتین کارکنان سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے چھٹھ مئیّا کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ "بہار میں دو راجکمار گھوم رہے ہیں، جن میں سے ایک دہلی کا ہے۔ یہاں مودی کا اشارہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی طرف تھا، جنہیں انہوں نے "دہلی والا راجکمار" کہا، جبکہ دوسرا راجکمار آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کو بتایا۔
چھٹھ مئیّا کا ذکر کر کے راہل پر حملہ
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دہلی والا راجکمار بہار میں گھوم کر چھٹھی مئیّا کا اپمان کر رہا ہے۔" دراصل، کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بہار کی ایک ریلی میں کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی چھٹھ پوجا کے نام پر دہلی میں ڈرامہ کر رہے ہیں۔ اس بیان کے بعد بی جے پی اور پورا این ڈی اے اتحاد راہل گاندھی اور کانگریس پر سخت حملہ آور ہو گیا تھا۔
جیت کے تئیں پُر اعتماد وزیر اعظم مودی
مودی نے کہا کہ انتخابی ریلیوں میں ریکارڈ تعداد میں خواتین شریک ہو رہی ہیں اور جوش و خروش سے نعرے لگا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بہار میں راجگ (این ڈی اے) زبردست اکثریت سے جیتنے والا ہے۔
اس دوران مودی نے خواتین کارکنان سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کو یقینی بنائیں۔