ایرانی پارلیمنٹ کا آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون معطل کرنے پر غور
26
M.U.H
23/06/2025
ایرانی پارلیمنٹ کے سربراہ قالیباف نے کہا کہ پارلیمنٹ بین الاقوامی جوہری ایجنسی کے ساتھ تعاون ختم کرنے کا قانون پاس کرنے پر غور کررہی ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ایک ایسے بل پر غور کر رہی ہے جس کے ذریعے بین الاقوامی جوہری ادارے کے غیر پیشہ ورانہ رویے کے ردعمل میں ایران کا ادارے کے ساتھ تعاون معطل کیا جا سکتا ہے۔
پیر کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے ایران کے جوہری پروگرام کے پُرامن ہونے پر دوبارہ تاکید کی۔ انہوں نے رہبر معظم کے اس فتوی کا حوالہ دیا جس میں جوہری ہتھیار حرام قرار دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام کو تخریبی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لیکن دنیا نے دیکھا کہ آئی اے ای اے نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ عالمی ادارہ اس وقت ایک سیاسی آلہ بن کر رہ گیا ہے۔
قالیباف کے مطابق پارلیمنٹ ایک ایسا بل پاس کرنے پر غور کررہی ہے جس کے تحت جب تک ایران کو اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کے پیشہ ورانہ طرز عمل کی ٹھوس ضمانتیں نہ دی جائیں، تب تک تعاون معطل رہے گا۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کو براہ راست جنگ میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کی ناکامی کا بدلہ لینے کے لئے امریکہ براہ راست جنگ میں کود گیا ہے لیکن ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔ ہم ایسا جواب دیں گے کہ قمار باز ٹرمپ کو پشیمان کردے گا۔