دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں بالادستی حاصل ہے: سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ
43
M.U.H
12/06/2025
تہران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور انٹیلی جنس شعبوں میں دشمنوں کی دراندازیوں کے باوجود، اسلامی جمہوریہ ایران نے ثابت کردیا کہ ان تمام شعبوں میں اسے بالادستی حاصل ہے۔
میجر جنرل سلامی نے بسیج رضاکار فورس کے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے مختلف ادوار میں ہم پر راستے بند کرنے کی کوشش کی، بڑی جنگیں ہم پر مسلط کیں لیکن آج ایسی پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں کہ ایرانی عوام کو یقین ہے کہ کسی میں بھی ہمارے خلاف جنگ چھیڑنے کی جرات تک نہیں ہے۔
انہوں نے اسے ملک کی طاقت کی علامت قرار دیا اور کہا کہ آج ہم اس پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں کہ دشمن کی پوری طاقت کو تباہ کرسکتے ہیں۔
میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ آج ایران کی باگ ڈور ایک الہی رہبر کے ہاتھوں میں ہے جو قرآن سے متصل ہیں اور بڑے سے بڑے خطروں کے مدمقابل کھڑے ہوکر عوام کو استکباری اور سامراجی طاقتوں کے سامنے استقامت کی جانب ہدایت کر رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران کے کمانڈر ان چیف نے کہا کہ دشمن طاقتیں ایک سازش کے تحت نوجوانوں کو ایسے قائد سے الگ کرنا چاہتی ہیں اور اس کے لیے پروپیگینڈا بھی پھیلایا گیا تاہم ایرانی نوجوانوں نے دشمنوں کے اس حربے کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔
میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ سیاست، اقتصاد، ثقافت اور انٹیلی جنس سمیت دشمنوں کی چھیڑی گئی ہر جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کو بالادستی حاصل ہے۔