واشنگٹن کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوئے: ایران
10
M.U.H
23/03/2026
ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی صدر کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوئے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ پس پردہ مذاکرات کا دعوی کرتے ہوئے پانچ دن تک ایرانی انفراسٹرکچر پر حملے نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد ایرانی وزارت خارجہ نے مذکورہ دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے دعوے بے بنیاد ہیں۔
جائزوں سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکی صدر کے بیانات دراصل توانائی کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش اور اپنے فوجی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے وقت حاصل کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ خطے کے بعض ممالک کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لیے کچھ اقدامات اور تجاویز پیش کی گئی ہیں، اور ان سب کے بارے میں ہمارا جواب واضح ہے کہ ہم وہ فریق نہیں ہیں جس نے اس جنگ کا آغاز کیا، اس لیے ایسی تمام درخواستیں واشنگٹن کو بھیجی جانی چاہئیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے کے حوالے سے پہلے دی گئی اپنی دھمکیوں سے پیچھے ہٹتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ایرانیوں کے ساتھ مذاکرات ہوئے ہیں جو اچھے اور نتیجہ خیز رہے ہیں۔
انہوں نے ان مبینہ مذاکرات کو تفصیلی اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اسی ہفتے جاری رہیں گے۔