پاک مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا ہے اور بی جے پی کی حکومت ہی اس کو واپس لائے گی:امت شاہ
48
M.U.H
30/07/2025
وزیر داخلہ امت شاہ نے آج آپریشن سندور پر راجیہ سبھا میں خطاب کیا ہے۔ جیسے ہی انہوں نے اپنی تقریر شروع کی، اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے پی ایم مودی سے جواب دینے کا مطالبہ شروع کردیا۔ امت شاہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے نعرے لگائے۔ اس پر امت شاہ نے کہا کہ وہ خود جواب دے رہے ہیں۔جب وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریر پر ہنگامہ ہوا تو امت شاہ اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔ اس دوران اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اگر وزیر اعظم ایوان میں نہیں آرہے ہیں تو یہ ایوان کی توہین ہے۔اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ پی ایم مودی خود آئیں اور تمام سوالوں پر جواب دیں۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ پہلگام میں دہشت گردوں کے ذریعہ استعمال کی گئی رائفلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ سائنسی تحقیقات کی گئیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ حملہ انہی دہشت گردوں نے کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے 44 کارتوس بھی برآمد ہوئے جن کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ حملے میں استعمال ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمرے کے ذریعے چہرے کی شناخت بھی کی گئی ہے۔ دہشت گردوں کے چہرے مل گئے ہیں۔
امت شاہ نے کہا کہ پہلگام میں ہمارے ملک کے شہریوں کو ان کے گھر والوں کے سامنے ان کے مذہب کے بارے میں پوچھ کر قتل کر دیا گیا۔ میں ان تمام مرنے والے شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ آپریشن سندور کے بعد جب پاکستان نے گولہ باری کی تو کچھ شہری مارے گئے۔ میں ان شہریوں کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔ آپریشن سندور اور آپریشن مہادیو کیلئے میں دل کی گہرائیوں سے ان تمام سیکورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہندوستان کی وقارمیں اضافہ کیا۔ میں پی ایم نریندر مودی کو بھی مبارکباد دینا چاہوں گا، جنہوں نے ملک کے 140 کروڑ عوام کی خواہشات کے مطابق جواب دینے کے لیے مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا،میں انہیں اس کے لیے مبارکباد دینا چاہوں گا۔
وزیرداخلہ امت شاہ نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس دہشت گردی میں بھی ووٹ اور مذہب دیکھتی ہے۔ پہلگام حملے کی شام میں خود کشمیر گیا تھا،میں اس دن کو کبھی نہیں بھول سکتا ۔اس حملے کا جواب دینے کیلئے جو کچھ فوری اقدامات کئے جاسکتے تھے ،ہندوستان نے کیا۔ سفارتی سطح پر بھی اقدام ہوا،سندھ طاس معاہدہ ختم کیا اور پھر آپریشن سندور کے ذریعے گھر میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا۔ اس دوران امت شاہ نے پاک مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک مقبوضہ کشمیر بھارت کا ہے اور بھارت کا ہی رہے گا اور اس کو واپس بی جے پی کی سرکار ہی لائے گی۔