امریکی دباؤ مسترد، ایران و غزہ سے متعلق مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: ملائیشیا
38
M.U.H
24/07/2025
ملائیشیا نے امریکی دباؤ کے باوجود فلسطین کی حمایت اور ایران کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے واضح طور پر کہا ہے کہ ان کا ملک ایران اور غزہ سے متعلق اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم ہے اور امریکی دباؤ کی وجہ سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ واشنگٹن اور کوالالمپور کے درمیان تجارتی مذاکرات، خصوصا درآمدات پر ڈیوٹی میں کمی سے متعلق بات چیت جاری ہے، تاہم امریکی دباؤ کی وجہ سے فلسطین و ایران کے بارے میں ملائیشیا کے موقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور غزہ سے متعلق ہمارا مؤقف یا ایران کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔ ملائیشیا ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور اپنی خارجہ پالیسی خود طے کرتا ہے۔
انور ابراہیم نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ جیسے عالمی و علاقائی فورمز پر فلسطین کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ملائیشیا اپنے اصولی مؤقف کا دفاع کرتا رہے گا۔