لوک سبھا انتخابات: بی جے پی کو سورت سے پہلی سیٹ ملی، مکیش دلال بلا مقابلہ جیت گئے
57
M.U.H
22/04/2024
سورت: لوک سبھا انتخابات-2024 میں بی جے پی کو سورت سے پہلی سیٹ ملی ہے۔ بی جے پی امیدوار مکیش دلال نے سورت لوک سبھا سیٹ سے بلا مقابلہ جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن کل 9 درست کاغذات نامزدگیوں میں سے 8 نے اپنے کاغذات واپس لے لیے ہیں۔ اس سے پہلے اتوار کو کانگریس کے امیدوار نیلیش کمبھانی اور سریش پڈسالہ کی نامزدگیوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
1951 سے 2019 تک ملک میں ہوئے 17 لوک سبھا انتخابات میں پہلی بار کسی امیدوار کو بلامقابلہ فاتح قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح بی جے پی کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سورت سے پہلی سیٹ ملی ہے۔ سورت لوک سبھا سیٹ کے لیے بی جے پی کے مکیش دلال سمیت 9 لوگوں کے نامزدگیاں درست قرار دی گئیں۔
پیر کو نام واپس لینے کے آخری دن مکیش دلال کے علاوہ تمام 8 امیدواروں نے اپنے نام واپس لے لیے۔ اس کا باضابطہ اعلان الیکشن افسر شام تک کر دیں گے۔ پیر کی صبح سردار ولبھ بھائی پٹیل پارٹی کے عبدالحمید خان، گلوبل ریپبلکن پارٹی کے جیش میواڈا، لاگ پارٹی کے سہیل شیخ، آزاد اجیت امت، آزاد کشور دیانی، آزاد رمیش بھائی برایا اور آزاد بھرت بھائی پرجاپتی نے اپنے نام واپس لے لیے۔ تاہم، بہوجن سماج پارٹی کے پیارے لال بھارتی نے اپنا نام واپس لینے میں آخری نمبر پر تھا۔ اس سے قبل ان کی پارٹی نے پولس کمشنر کو خط لکھ کر سیکورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی پارٹی کے امیدوار کو نامعلوم نمبروں سے کال کے ذریعے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے اپنا نام بھی واپس لے لیا۔