وینزویلا کی فوج اور قوم دونوں سامراج کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہے: مادورو
13
M.U.H
02/12/2025
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کاراکاس میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے عوام اور مسلح افواج، ملک کو سامراجی خطرات سے بچانے کے لیے تیار ہیں۔ یہ خطاب قومی ٹی وی چینلز پر براہِ راست نشر کیا گیا۔
مادورو نے کہا: رائے عامہ کے سروے ظاہر کرتے ہیں کہ 94 فیصد وینزویلائی عوام سامراجی فوجی خطرے کو مسترد کرتے ہیں اور اپنے وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وینزویلا کے پاس اپنی پیشہ ورانہ دفاعی حکمتِ عملی موجود ہے اور دو لاکھ مسلح فوجی ملک کے امن و خودمختاری کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
صدر نے مزید بتایا کہ ملک میں دو لاکھ پولیس اہلکار بھی مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
مادورو نے کہا کہ وینزویلا نے تقریباً 22 ہفتے کے نفسیاتی دباؤ کو برداشت کیا ہے، لیکن اس دوران عوام نے شہری، فوجی اور پولیس اتحاد کے ساتھ ایک آزاد، خودمختار اور سوشلسٹ وینزویلا کی تعمیر کے دفاع کی تیاری کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سامراج کے لیے بری خبر ہے، کیونکہ دفاعِ وطن کے لیے تیار مادورو نہیں بلکہ عوام ہیں۔