غزہ کے اسرائیلی محاصرے کو توڑنے کیلئے امدادی فلوٹیلا پھر سے روانہ ہوگا
49
M.U.H
30/08/2025
غزہ کے غیر قانونی اسرائیلی محاصرے کو توڑنے کیلئے امدادی فلوٹیلا گریٹا تھن برگ کے ہمراہ دوبارہ اسپین سے روانہ ہوگا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ کو قحط زدہ قرار دیئے جانے کے بعد امدادی فلوٹیلا کی انتظامیہ نے ایک بار پھر اسپین کے شہر بارسلونا سے ایک اور سمندری قافلہ روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بحری قافلے میں معروف سوئیڈش سماجی کارکن گریٹا تھن برگ کے علاوہ دیگر سماجی کارکن بھی شامل ہوں گے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ قافلہ نسل کشی کا شکار فلسطینیوں کے لیے امداد لے کر جائے گا۔ قافلے کی روانگی کے حوالے سے انتظامیہ نے بتایا کہ یہ قافلہ 4 ستمبر کو روانہ ہوگا، تاہم اس میں کتنے جہاز یا کشتیاں شامل ہونگے اور یہ دن کے کس پہر روانہ ہوگا ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ امید کی جاسکتی ہے کہ امداد لے جانے والا یہ سمندری قافلہ ماہِ ستمبر کے وسط میں غزہ پہنچے گا۔