اٹلی, یونیورسٹی آف فلورنس نے اسرائیلی تعلیمی اداروں سے تعلقات منقطع کر لئے
21
M.U.H
20/07/2025
گزشتہ روز اٹلی کی یونیورسٹی آف فلورنس کی پانچ فکلیٹیز نے اعلان کیا کہ انہوں نے اسرائیلی اداروں کے ساتھ اپنے علمی و تحقیقی تعلقات منقطع کر دئیے۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور صہیونی رژیم کی جارحانہ پالیسیوں کے جواب میں کیا گیا۔ عبری ویب سائٹ YNET کے مطابق، فلورنس یونیورسٹی کے شعبہ ریاضیات و کمپیوٹر سائنسز نے بن گوریان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون بند کر دیا۔ اسی طرح انجینئرنگ اور زرعی سائنسز کے شعبوں نے بھی اسرائیلی اداروں کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا۔ مذکورہ یونیورسٹی کے شعبہ آرکیٹیکچر نے مقبوضہ ویسٹ بینک میں واقع آریل یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری ختم کر دی، جب کہ پولیٹیکل اینڈ سوشل سائنسز کے شعبے نے تل ابیب یونیورسٹی سے وابستہ سائبر انٹر ڈسپلنری ریسرچ سنٹر کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بند کرنے کی اطلاعات دی ہیں۔
یونیورسٹی آف فلورنس نے یہ فیصلے عالمی BDS مہم میں شامل ہوتے ہوئے کئے۔ یہ مہم غزہ اور ویسٹ بینک میں صہیونی رژیم کے مظالم کے خلاف احتجاج کے طور پر چلائی جا رہی ہے۔ اسرائیلی ویب سائٹ YNET نے یونیورسٹی آف فلورنس کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ مذکورہ یونیورسٹی نے تہران، اصفہان اور شہید بهشتی یونیورسٹیوں کے ساتھ اپنے علمی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ یونیورسٹی کے اس فیصلے کا فلسطین حمایتی گروپوں نے خیرمقدم کیا جب کہ مبصرین اسے یورپ میں اسرائیل کے خلاف سائنسی و ثقافتی بائیکاٹ میں اضافے کی ایک کڑی قرار دے رہے ہیں۔