644 M.U.H 20/11/2018
سری نگر ، 20نومبر : جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے نادی گام میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان مسلح تصادم ہوا، جو منگل کی صبح 4 جنگجوؤں اور فوج کے ایک کمانڈو کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔
آپریشن کے دوران مزید 4 سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے نادی گام میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز ، 23 پیرا اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے گذشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں چھپے بیٹھے جنگجوؤں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران 4 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ جبکہ فوج کا ایک کمانڈو ہلاک جبکہ سیکورٹی فورسز کے چار دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تصادم میں مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔
دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع شوپیان میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ جبکہ علاقہ میں جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
Imambara Ghufranmaab
Add : Maulana Kalbe Husain Road, Chowk, Lucknow-3 (INDIA)
مجلس علماء ھند پر شائع ہونے والی تمام نگارشات قلم کاروں کی ذاتی آراء پر مبنی ہیں۔ ادارہ کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔