’بی جے پی اپنے خلاف بولنے والوں کا قتل کرنے یا انھیں جیل میں ڈالنے کی کوشش کر رہی‘، ممتا بنرجی کا دعویٰ
35
M.U.H
24/04/2024
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز الزام عائد کیا کہ بی جے پی ان لوگوں کا قتل کرنے یا انھیں جیل میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے جو اس کے خلاف بول رہے ہیں۔ اس دوران انھوں نے دعویٰ کیا کہ ترنمول کانگریس جنرل سکریٹری اور ان کے بھتیجے ابھشیک بنرجی کے قتل کی کوشش ہوئی تھی، لیکن اسے ناکام بنا دیا گیا۔ ساتھ ہی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممتا نے کہا کہ ’’اگر آپ کو اپنی جیت کا اتنا ہی بھروسہ ہے تو لوگوں کو دھمکانے کی کیا ضرورت ہے!‘‘
ممتا بنرجی نے ایک تقریب کے دوران یہ بیانات دیے۔ انھوں نے کہا کہ ابھشیک بنرجی کے گھر اور دفتر کی مبینہ طور سے ’ریکی‘ کرنے کے معاملے میں کولکاتا پولیس کے ذریعہ ممبئی میں رہنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جو مبینہ طور سے 11/26 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے کے ملزم ڈیوڈ ہیڈلی سے پہلے کبھی ملا تھا۔