آیت اللہ سیستانی کے دفترکا پوپ سے ملاقات کااعلامیہ جاری/فلسطینی مسلمانوں کے مصائب دور کرنے پر تاکید
263
M.U.H
07/03/2021
عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسیس نے شیعہ مسلمانوں کے دینی مرجع آیت اللہ سیستانی کے ساتھ ملاقات کی اس ملاقات میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے مصائب کو دور کرنے پر زوردیا گیا۔
آیت اللہ سیستانی کے دفتر کے اعلامیہ کے مطابق دونوں مذہبی رہنماؤں نے اس ملاقات میں عصر حاضر میں عالم انسانیت کو درپیش چيلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق بہت سے ممالک خاص طور پر فلسطین میں مسلمان مصائب ، ظلم و تشدد ، اقتصادی اور سماجی محاصرے ، جنگ و عدم آزادی اور عدم انصاف کی وجہ سے رنج اور مصیبت میں مبتلا ہیں۔ دینی اور مذہبی رہنماؤں کو اپنی ذمہ د اریوں پر عمل کرتے ہوئے دنیا کو مصائب اور آلام سے نجات دلانے کے سلسلے میں تلاش و کوشش کرنی چاہیے۔ اس ملاقات میں تمام ادیان کے ماننے والوں کو باہمی احترام کے ساتھ مشترکہ زندگی بسر کرنے کی سفارش کی گئی۔ یہ ملاقات نجف اشرف میں شیعہ دینی مرجع آیت اللہ سیستانی کے گھر پر منعقد ہوئی ۔ واضح رہے کہ کیتھولک عیسائی رہنما پوپ فرانسیس اور شیعہ دینی مرجع آیت اللہ سیستانی کی نجف اشرف میں ملاقات کو تاریخی ملاقات قراردیا جارہا ہے۔