مرکزی حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اقدام کرے: گہلوت
553
M.U.H
07/03/2021
راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کے لئے وقت رہتے اقدام کرنا چاہیے تاکہ اس سے لوگوں میں عدم اطمینان پیدا نہ ہو۔ اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ حکومت کو بروقت اقدام کرنا چاہیے تاکہ مہنگائی پر قابو پاسکیں ورنہ لوگوں میں عدم اطمینان پیدا ہوگا، جو ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ پٹرول ڈیزل اور گیس کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی زندگی کو مشکل کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ لاگت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ کم ہوتی آمدنی، جاتی ہوئی ملازمتیں اور ڈوبتی معیشت کے دور میں لوگ زندگی گزارنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ لیکن بے حد افسوس ہے کہ حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ مودی حکومت کو فیول کی قیمتیں کم کرنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آسمان چھوتے فیول اور رسوئی گیس کی قیمتوں کے تعلق سے وزیراعظم کو خط لکھا، اسی کے سلسلسے میں جمعہ کو اسپیک اپ اگینسٹ پرائس رائس کیمپین دن بھر بہت ہی شاندار چلا ہے، لاکھوں نوجوانوں نے اس میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس مہم کا بہت اثر پڑے گا اور عوام کے جذبات حکومت تک پہنچیں گے، حکومت کی نیند اڑے گی تو عوام کا بھلا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سو دن سے مظاہرہ کر رہے ہمارے کسان کی ہمت، عزم اورقربانی کو سلام۔ اس تحریک نے مودی حکومت کی بے رحمی کو بھی جگ ظاہر کر دیا ہے۔ یہ بے حد مایوسی کی بات ہے کہ حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سننے کے لئے اب تک تیار نہیں ہے۔