بی جے پی نے آسام اسمبلی کے لئے 70 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا
535
M.U.H
06/03/2021
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج آسام اسمبلی کے لئے 70 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ، جن میں ماجولی سے وزیر اعلی سربانند سونووال اور جالوکبری حلقہ سے وزیر خزانہ ڈاکٹر ہیمنت بِشوا شرما شامل ہیں ۔ بی جے پی نے پہلی فہرست میں گیارہ موجودہ ممبران اسمبلی کا ٹکٹ کاٹا ہے جبکہ اس فہرست میں نئے چہروں پر بھروسہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ وہیں اس میں گیارہ ایس ٹی اور چار ایس سی امیدواروں کو بھی ٹکٹ ملا ہے ۔
اس فہرست کو بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے آج نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں جاری کیا ۔ یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی اور بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی زیر صدارت پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں پر غوروفکر کیا گیا تھا۔
اس اجلاس میں مرکزی وزرا امت شاہ ، راج ناتھ سنگھ ، نتن گڈکری ، تھاور چند گہلوت ، نریندر سنگھ تومر ، بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش، پارٹی کے سینئر نائب صدر وجینت پانڈا ، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور پارٹی کے رہنما جویل اورون نے شرکت کی ۔
بتادیں کہ آسام اسمبلی میں 126 سیٹیں ہیں ۔ ریاست میں 27 مارچ سے چھ اپریل تک تین مراحل میں ووٹنگ ہوگی ۔ پہلے مرحلہ کے تحت ریاست کی 47 اسمبلی سیٹوں پر 27 مارچ کو ، دوسرے مرحلہ کے تحت 39 اسمبلی سیٹوں پر یکم اپریل اور تیسرے و آخری مرحلہ کے تحت 40 اسمبلی سیٹوں پر چھ اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔