سبسڈی ختم ہونے کے بعد بھی عازمین حج پر غیرضروری بوجھ نہیں: نقوی
687
M.U.H
26/06/2019
اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت کی ایماندار۔شفاف نظام کا نتیجہ ہے کہ سبسڈی ختم ہونے کے بعد بھی عازمین حج پر غیرضروری بوجھ نہیں پڑا اور ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہندستانی مسلمان اس برس حج کے سفر پر جائیں گے۔
مسٹر نقوی نے منگل کو یہاں حج کوآرڈی نیٹر، حج اسسٹنٹ وغیرہ کے دو روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کرنے کے دوران کہاکہ 2019میں دو لاکھ ہندستانی مسلمان بغیر کسی سبسڈی کے حج کا سفر کریں گے۔ مودی حکومت نے حج سبسڈی کے’چھل‘کو ’ایمانداری کے دم‘ پر ختم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی حفاظت اور بہتر سہولیات یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت نے موثر اقدامات کئے ہیں اور اس معاملہ میں کوئی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حج 2019پر جانے والے عازمین حج کی مدد کے لئے 620حج کوآرڈی نیٹر، اسسٹنٹ حج افسر، حج اسسٹنٹ، ڈاکٹر، پیرا میڈیکل وغیرہ کی سعودی عرب میں تقرری کی گئی ہے جس میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہیں۔
مسٹر نقوی نے کہاکہ پورے ملک کے 21ہوائی اڈوں سے 500سے زیادہ فلائٹوں کے ذریعہ ریکارڈ دو لاکھ ہندستانی مسلمان اس برس حج کے سفر پر جائیں گے۔ ان عازمین حج میں ایک لاکھ چالیس ہزار حجاج کرام حج کمیٹی آف انڈیا اور 60ہزار حج مسافر حج گروپ آرگنائزر(ایچ جی او) کے ذریعہ حج پر جائیں گے۔ حج گروپ منتظمین کو بھی دس ہزار عازمین حج کو حج کمیٹی آف انڈیا کے مقرر کردہ پیکج پر ہی لے جانا ہوگا۔
اقلیتی امور کے وزیر نے کہاکہ اس بار شفافیت اور عازمین حج کی سہولت کے لئے حج گروپ منتظمین کا بھی پورٹل بنایا گیا ہے جس میں تمام مجاز ایچ جی او کے پیکج وغیرہ کی تمام معلومات دی گئی ہیں۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ اس برس بغیر محرم (مرد رشتہ دار) کے حج پر جانے والی خواتین کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلہ دو گنا ہوگی۔ اس برس 2340خواتین بغیر محرم کے حج پر جارہی ہیں جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد 1180تھی۔ گزشتہ برس کی طرح اس برس بھی بغیر محرم کے حج پر جانے کے لئے درخواست دینے والی ان تمام خواتین کو بغیر لاٹری کے حج پر جانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہندستان سے جانے والے عازمین حج میں تقریباََ 48فیصد خواتین شامل ہیں۔
حج کے لئے فلائٹس 4جولائی 2019سے شروع ہورہی ہیں۔ چار جولائی کو دہلی، گیا، گواہاٹی، سری نگر سے فلائٹس جانا شروع ہوں گی۔ بنگلورو (7جولائی)، کالی کٹ (7جولائی)، کوچین (14جولائی)، گوا (13جولائی) منگلور (17جولائی)، ممبئی (14جولائی)، 21جولائی)، سری نگر (21جولائی)، سے عازمین حج روانہ ہوں گے۔
دوسرے مرحلہ میں احمد آباد (20جولائی)، اورنگ آباد (22جولائی)، بھوپال (21جولائی)، چنئی (31جولائی)، حیدرآباد (26جولائی)، جے پور (20جولائی)، کولکتہ (25جولائی)، لکھنو (20جولائی)، ناگپور (25جولائی)، رانچی (21جولائی) اور وارانسی (29جولائی) کو عازمین حج روانہ ہونے شروع ہوں گے۔
مسٹر نقوی نے کہاکہ سعودی عرب کی طرف سے ہندستان کا حج کا کوٹہ 2لاکھ کئے جانے کا نتیجہ ہے کہ آزادی کے بعد پہلی بار اترپردیش، مغربی بنگال، آندھراپردیش، بہار سمیت ملک کی تمام اہم ریاستوں سے حج کے لئے درخواست دینے والے تمام لوگ حج۔2019پر جارہے ہیں۔