شام میں پناہ گزیں کیمپ پر امریکی طیاروں کی بمباری 70افراد ہلاک و زخمی
934
M.U.H
13/02/2019
نام نہاد امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شام کے مشرقی صوبے دیرالزور میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر بمباری کرکے کم سے کم ستّر افراد کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے۔
امریکا کی سرکردگی میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے جنگی طیاروں نے منگل کی صبح شام کے مشرقی صوبے دیرالزور کے شہر الباغور میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر شدید بمباری کی - بتایا جاتا ہے کہ اس کیمپ میں سبھی عام شہری تھے۔ ابھی یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد کتنی ہے تاہم مجموعی طور پر ستّر افراد اس بمباری میں ہلاک اور زخمی بتائے گئے ہیں۔
امریکا کےجنگی طیاروں نے پیر کو بھی الباغور شہر پربمباری کی تھی جس میں بیس شامی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ امریکا نے پچھلے برسوں کے دوران دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیوں کے بہانے شام اور عراق میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی جنگی طیاروں نے اپنے ان حملوں میں فاسفورس بموں کا بھی استعمال کیا - شام کی حکومت نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام بارہا خط ارسال کرکے شام پر امریکی اتحاد کی جارحیتوں اور بمباریوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔